اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے سے متعلق تکنیکی مذاکرات کل سے سوئٹزرلینڈ میں شروع ہوں گے، جبکہ پاکستان اس تاریخی تقریب اور مذاکراتی عمل کا مرکزی میزبان ہوگا۔ قطر شریک ثالث کے طور پر پاکستان کے ساتھ اس اہم سفارتی پیش رفت میں شریک ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں وہ ایران امریکا امن عمل سے متعلق تاریخی تقریب میں شرکت کریں گے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی تقریب میں شریک ہوں گے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور متعدد وفاقی وزراء بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر عمل درآمد، سکیورٹی امور اور آئندہ کے تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن، استحکام اور سفارتی تعلقات کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں، جبکہ قطر کی شمولیت مذاکراتی عمل کو مزید مؤثر بنانے میں معاون ہوگی۔