Wed, September 16, 2026

ایران، امریکا مذاکرات ملتوی، جے ڈی وینس آج سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے

ایران، امریکا مذاکرات ملتوی، جے ڈی وینس آج سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے

واشنگٹن: ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں آج ہونے والے مجوزہ مذاکرات ملتوی کر دیے گئے ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی آج سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ تکنیکی سطح کے مذاکرات جلد شروع کرنے کا خواہاں ہے، تاہم اس حوالے سے بعض اہم امور تاحال حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے، جس کے باعث آج ہونے والے مذاکرات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق مذاکرات سے متعلق باقی معاملات طے ہوتے ہی امریکی قیادت روانگی کے لیے تیار ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطے بدستور جاری ہیں۔

دوسری جانب سوئس وزارت خارجہ نے بھی مذاکرات کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج طے شدہ پروگرام کے مطابق برجنسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی منسوخی کو مستقل تعطل کے بجائے عارضی تاخیر سمجھا جا رہا ہے اور فریقین کے درمیان آئندہ ملاقات کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگز: