Wed, September 16, 2026

ایران امریکا جوہری مذاکرات؛ سوئٹزرلینڈ میں اہم سفارتی شخصیات کی آمد، بات چیت جلد شروع ہونے کا امکان

ایران امریکا جوہری مذاکرات؛ سوئٹزرلینڈ میں اہم سفارتی شخصیات کی آمد، بات چیت جلد شروع ہونے کا امکان

جنیوا: ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات کے پہلے دور کے جلد آغاز کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ اس سلسلے میں اہم سفارتی شخصیات کی سوئٹزرلینڈ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کے داماد اور سابق مشیر جیرڈ کشنر بھی پہلے ہی وہاں موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بھی جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ ممکنہ طور پر سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی مذاکرات میں شرکت تاحال غیر یقینی ہے۔ دوسری جانب امریکی ویب سائٹ ایکسیوس نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی بھی آج سوئٹزرلینڈ روانگی متوقع ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل کے لبنان پر حملوں کے باعث گزشتہ روز اپنا سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا تھا، تاہم تازہ پیش رفت سے خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور ایران امریکا مذاکرات کے امکانات مزید روشن ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹیگز: