Wed, September 16, 2026

ایران امریکا تکنیکی مذاکرات میں پیش رفت، آئندہ دور میں پاکستان کی شرکت ہوگی: ترجمان دفتر خارجہ

ایران امریکا تکنیکی مذاکرات میں پیش رفت، آئندہ دور میں پاکستان کی شرکت ہوگی: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوں گے، جبکہ پاکستان بھی اس عمل میں شریک ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کا جاری رہنا خود ایک مثبت پیش رفت ہے، کیونکہ بات چیت کے ذریعے ہی پیچیدہ معاملات کے حل کی راہ ہموار ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات میں فریقین نے مختلف امور پر پیش رفت کے لیے تین ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایک ورکنگ گروپ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق معاملات دیکھے گا، دوسرا گروپ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے اور منجمد اثاثوں سے متعلق امور کا جائزہ لے گا، جبکہ تیسرا گروپ لبنان میں جنگ روکنے اور امن کے امکانات پر غور کرے گا۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا کے درمیان سفارتی رابطوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل کا حامی رہا ہے اور تمام فریقین کے درمیان مثبت پیش رفت کا خواہاں ہے۔
 

ٹیگز: