Wed, September 16, 2026

کراچی: گل پلازہ کی آگ پر وزیراعلیٰ سندھ کوتفصیلی بریفنگ ، رپورٹ پیش

کراچی: گل پلازہ کی آگ پر وزیراعلیٰ سندھ کوتفصیلی بریفنگ ، رپورٹ پیش

کراچی :کراچی کے مشہور شاپنگ پلازہ گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو کمشنر کراچی اور ڈی سی ساؤتھ نے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آگ رات 9:45 تا 10:15 بجے کے درمیان لگی اور اس کے نتیجے میں 1200 سے زائد دکانیں تباہ ہو گئیں۔ حادثے میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر سول اسپتال کراچی کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

امدادی کارروائی میں 22 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں، 10 واٹر باؤزرز اور 4 اسنارکل گاڑیاں استعمال کی گئی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق آگ پر 60 سے 70 فیصد قابو پایا جا چکا ہے، تاہم 16 گھنٹے گزرنے کے باوجود اسے مکمل طور پر بجھانا ممکن نہیں ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت پیش کی۔ انہوں نے آگ بجھانے کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فائر فائٹرز نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچائیں۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ آگ کے مکمل خاتمے اور حالات کے معمول پر آنے تک امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ساتھ ہی انہوں نے واقعے کی وجوہات کی تحقیقات اور آئندہ حفاظتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کا حکم بھی دیا۔

ٹیگز: