کراچی :کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ بجھانے کے عمل میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں اور ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے زخمیوں کو فوری اور ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کیے، جبکہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب میئر کراچی نے کہا ہے کہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اس مشکل وقت میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے آتشزدگی کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آگ کو مزید پھیلنے سے ہر صورت روکا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فوری تفتیش اور تحقیق کا آغاز کرنے اور شہریوں کے محفوظ انخلا کے لیے متبادل راستے قائم کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔