کھمبڑا: تین دن پہلے صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ پر حملے اور اغوا کے واقعے کا مقدمہ کھمبڑا تھانہ میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے سرکار کی مدعیت میں 22 نامزد اور 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس میں اغوا، ڈکیتی، پولیس مقابلہ اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق اس حملے میں لولائی، اندھڑ، چانڈیہ، سُکھانی، میرانی اور بکرانی گینگ ملوث ہیں۔ تین دن پہلے ڈاکوؤں نے مسافر کوچ پر حملہ کیا تھا، جس میں دس سے زائد مسافروں کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ حملے میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ ایک مسافر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔
پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ ملزمان کو پکڑا جا سکے اور اس علاقے میں امن قائم کیا جا سکے۔