ہیوسٹن : پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر ہیوسٹن میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس کا عنوان تھا ’’اے سی ٹی (آرٹس، کلچر، ٹیسٹ) پاکستان 2025‘‘۔ اس تقریب میں ٹیکساس اور دیگر امریکی علاقوں سے بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان کی آزادی کا جشن منایا۔
تقریب میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یوم آزادی کی خوشیوں میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور دفاعی طاقت ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے ملکی اقتصادی استحکام پر زور دیا اور کہا کہ ایک مضبوط معیشت ہی پاکستان کو دنیا میں عزت اور وقار دیتی ہے۔
ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر نے بھی خصوصی پروکلیمیشن جاری کی جس میں 14 اگست کو ٹیکساس میں ’’یوم پاکستان‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا، جس سے اس جشن کی اہمیت اور بڑھ گئی۔
تقریب میں معروف گلوکار تحسین جاوید کا یادگار کنسرٹ، ثقافتی ملبوسات کا شاندار شو، اور پاکستان کی تاریخ و ترقی پر مبنی ڈاکیومنٹری پیش کی گئی۔ بچوں کے لیے پینٹنگ سیشنز، جھولے اور دیگر تفریحی پروگرام بھی منعقد کیے گئے، جس سے تقریب میں شامل ہر عمر کے افراد نے بھرپور لطف اٹھایا۔
شرکاء میں پاکستانی آموں کا سٹال خاص طور پر مقبول رہا، جہاں سوال جواب کے مقابلے میں کامیاب ہونے والوں کو آموں کی پیٹیاں انعام میں دی گئیں۔ علاوہ ازیں، ترکش ایئرلائنز نے لکی ڈرا کا انعقاد کیا، جس میں دو خوش نصیبوں کو دنیا کے کسی بھی ملک کے لیے مفت سفر کے موقعے دیے گئے۔
پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چودھری اور کمیونٹی رہنماؤں نے اس تقریب کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب نے پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد، ثقافت اور محبتِ وطن کا بھرپور مظاہرہ کیا۔