اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمارے شہداء کی قربانیوں، محنت اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ پاکستان اللہ کی ایک بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔
محسن نقوی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی باتیں یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا مقدر تھا، یہ کسی تحفے کی طرح نہیں ملا بلکہ لاکھوں جانوں کی قربانی سے بنا ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ ہمارے سر کا تاج ہیں، جن کی قربانیاں ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور آج کا پاکستان دفاع میں مکمل طور پر مضبوط ہے۔ کوئی دشمن بھی میلی آنکھ سے ہماری طرف دیکھنے کی ہمت نہیں کر سکتا۔
محسن نقوی نے قوم کو یقین دلایا کہ ہم نئے جذبے اور عزم کے ساتھ ہر مشکل کا سامنا کریں گے اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں تلاش کرے گا۔