لدھا : جنوبی وزیرستان (اَپر) کے لوگوں کو ایک بڑی سہولت دے دی گئی ہے۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز کو اب ٹانک سے ہٹا کر لدھا منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو اپنے ہی علاقے میں سرکاری سہولیات مل سکیں۔
پہلے لوگوں کو ہر چھوٹے بڑے کام کے لیے ٹانک جانا پڑتا تھا، جو کہ ایک لمبا اور تھکا دینے والا سفر تھا۔ لیکن اب دفاتر ان کے قریب ہوں گے، جس سے وقت، پیسہ اور محنت تینوں کی بچت ہوگی۔
نئے ضلعی ہیڈکوارٹر کے قیام کے بعد لدھا میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا، جس میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ تمام محکمے لدھا سے ہی کام کریں گے اور عوام کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مقامی لوگوں نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے وزیرستان کے لیے ترقی، آسانی اور روشن مستقبل کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے۔ عوام نے سکیورٹی فورسز اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ فیصلہ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔