اسلام آباد: حکومت نے قومی سائبر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سرکاری ویب سائٹس اور اہم ڈیجیٹل ایپلی کیشنز کو بیرونِ ملک ہوسٹنگ سے پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے تیار کردہ پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک کے تحت سرکاری آن لائن نظام کی سکیورٹی، نگرانی اور ڈیٹا کے تحفظ کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں گے۔
منصوبے کے مطابق سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو مرحلہ وار مقامی ڈیٹا سینٹرز میں منتقل کیا جائے گا، جہاں جدید فائر والز، مسلسل سائبر نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی کے نظام نصب کیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق اقدام کا مقصد حساس سرکاری معلومات کو زیادہ محفوظ بنانا، سائبر حملوں سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانا اور پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا ہے۔