نئی دہلی : ایشین گیمز 2026 کی تیاریوں کے دوران بھارتی گھڑ سواری کے دستے کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باعث کھلاڑیوں کو گھوڑوں سے متعلق بعض اخراجات خود برداشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی نے گھوڑوں کے چارے، بستر اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کے اخراجات فی الحال کھلاڑیوں کو خود ادا کرنے کا کہا ہے۔
ٹیم لیڈر لیفٹیننٹ کرنل سندیپ دیوان کے مطابق قومی فیڈریشن کو دستیاب فنڈز گھوڑوں کی منتقلی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے بھی ناکافی ہیں۔ کھلاڑی جاپان میں ضروری سامان خریدنے کے بعد اخراجات کی واپسی کے لیے کلیم جمع کراسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی میں لازمی قرنطینہ کے دوران بعض سواروں نے خوراک، سفر اور رہائش کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے، جبکہ گھوڑوں کی منتقلی، ٹیسٹس اور رہائش سے متعلق کچھ ادائیگیاں ابھی باقی ہیں۔
ایشین گیمز 2026 جاپان کے شہر ایچی-ناگویا میں ہوں گے، جن کی افتتاحی تقریب 19 ستمبر کو ہوگی۔