تہران / یروشلم : ایران کے اہم ترین سیاسی و سکیورٹی رہنما اور سابق اسپیکر پارلیمنٹ علی لاریجانی کی شہادت سے متعلق اسرائیلی میڈیا کے دعووں کو ایرانی میڈیا نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ افواہوں کا زور توڑنے کے لیے ایرانی ذرائع نے علی لاریجانی کا ہاتھ سے لکھا ہوا ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جسے ان کی سلامتی کا ناقابلِ تردید ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
اسرائیل کا 'ٹارگٹڈ اسٹرائیک' کا دعویٰ گزشتہ رات اسرائیلی میڈیا نے سنسنی خیز دعویٰ کیا تھا کہ ایک خصوصی فضائی کارروائی کے ذریعے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق اس حملے کا مقصد ایرانی قیادت کے ایک مضبوط ستون کو براہِ راست ضرب لگانا تھا۔
حملے کے فوراً بعد بین الاقوامی میڈیا پر علی لاریجانی کے جاں بحق یا زخمی ہونے سے متعلق متضاد اطلاعات گردش کرنے لگی تھیں۔ اگرچہ ایرانی حکومت یا پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے اب تک کوئی رسمی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم ایرانی میڈیا نے علی لاریجانی کا تحریری پیغام نشر کر کے اسرائیلی پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ علی لاریجانی جیسی قد آور شخصیت کو نشانہ بنانے کی خبریں مشرقِ وسطیٰ میں جاری نفسیاتی جنگ کا حصہ ہو سکتی ہیں۔ ایران کی جانب سے تحریری پیغام کا اجرا اس بات کی علامت ہے کہ وہ دشمن کے دعووں کو غلط ثابت کر کے اپنے حوصلے بلند دکھانا چاہتا ہے۔