واشنگٹن : امریکا کی ایموری یونیورسٹی نے ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی کی بیٹی فاطمہ اردشیر لاریجانی کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ فاطمہ لاریجانی یونیورسٹی کے میڈیکل اسکول میں اسسٹنٹ پروفیسر کے طور پر ہیماٹولوجی اور میڈیکل آنکولوجی پڑھا رہی تھیں۔
ایموری یونیورسٹی کے ون شپ کینسر انسٹی ٹیوٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاطمہ لاریجانی اب ادارے کے ساتھ نہیں ہیں، لیکن انہوں نے اس فیصلے کی مزید وجوہات دینے سے انکار کر دیا۔
یہ اقدام امریکی ایوان نمائندگان کے رکن ارل کارٹر کے خط کے بعد اٹھایا گیا، جس میں انہوں نے یونیورسٹی سے فاطمہ لاریجانی کو برطرف کرنے اور ان کا میڈیکل لائسنس منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔