اسلام آباد: افواجِ پاکستان جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ملٹی ڈومین آپریشنز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، جو جنگی میدان میں کامیابی کی مؤثر ضمانت سمجھے جاتے ہیں۔ ان آپریشنز میں فضائی، زمینی، سائبر، الیکٹرانک وارفیئر، خودکار نظام اور انفارمیشن آپریشنز کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت دشمن کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فضائی برتری، کثیرالمقاصد ڈرونز اور دور مار ہتھیاروں کے ہم آہنگ استعمال سے دشمن کی نقل و حرکت کو مفلوج کر دیا جاتا ہے، جبکہ سائبر اور انفارمیشن آپریشنز کے ذریعے دشمن کی فیصلہ سازی کی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا جاتا ہے۔
ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاکستان میں تیار کردہ جدید ہتھیاروں اور ڈرونز کو دوست ممالک سے حاصل کردہ عسکری سازوسامان کے ساتھ مشترکہ طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جو جدید مشترکہ جنگی حکمت عملی کی اعلیٰ مثال ہے۔ فضائی اور زمینی طاقت کے امتزاج سے دشمن کے دفاعی نظام کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
یہ مشقیں افواجِ پاکستان کی جدید ٹیکنالوجی، مؤثر فائر پاور اور انتہائی درست نشانہ بندی کی صلاحیتوں کی عکاس ہیں، جبکہ مختلف سروسز کے درمیان قریبی تعاون ملٹی ڈومین آپریشنز کی نمایاں خصوصیت ہے۔ مشقوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ افواجِ پاکستان جدید جنگی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔