اسلام آباد :ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف نے پاک فضائیہ کی غیر معمولی آپریشنل کامیابیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی شاہینوں نے پہلی بار جدید ترین 'ملٹی ڈومین آپریشنز' کا کامیاب تجربہ کیا جس نے بھارتی عسکری قیادت کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت آج تک اس صدمے سے نہیں نکل سکا اور یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ اسے اس قدر عبرتناک شکست کیسے ہوئی۔
ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف کے مطابق، پاک فضائیہ نے بری اور بحری افواج کے ساتھ مل کر 'ٹرائی سروس پلانز' کے تحت ایسی جامع گائیڈنس طے کی جس نے دشمن کے تمام جنگی منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فضائیہ دشمن کی ہر نقل و حرکت کو باریک بینی سے نوٹ کر رہی تھی اور سرحدوں پر ایسا آہنی حصار قائم کیا گیا تھا کہ کسی بھی دشمن کو پاکستانی حدود کے قریب آنے کی جرات نہ ہوئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مربوط عسکری کارروائیوں نے بھارتی فوج کو اس قدر لاچار کر دیا کہ اسے میدانِ جنگ میں اپنی پوزیشنز چھوڑ کر نئے سرے سے 'ری الائنمنٹ' کرنی پڑی۔ دشمن کی جانب سے پسپائی اور اپنی فورسز کی دوبارہ ترتیب اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاک فضائیہ کے جدید حملوں کا سامنا کرنے کی سکت کھو چکا تھا۔
ڈپٹی چیف آف ایئر سٹاف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاک فضائیہ نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعتبار سے خطے میں برتری رکھتی ہے۔ دشمن کی کوئی بھی چال اب اسے پاکستانی حدود میں داخل ہونے کا حوصلہ نہیں دے سکتی، کیونکہ سرحدوں پر تعینات سیف گارڈ ہر مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔