ممبئی : بالی ووڈ اداکار و فلمساز سہیل خان حال ہی میں اپنے بدلے ہوئے حلیے اور نمایاں طور پر کم وزن کے باعث خبروں کی زینت بن گئے۔ ان کی جسمانی تبدیلی دیکھ کر مداحوں نے مختلف سوالات اٹھائے اور سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئیں۔
سہیل خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں ان تمام قیاس آرائیوں کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 12 کلو وزن کم کرنے کے لیے نہ اوزیمپک کا استعمال کیا اور نہ ہی کسی فیٹ برنر سے مدد لی۔
اداکار کے مطابق رئیلٹی شو میں شرکت کے کچھ ہی عرصے بعد انہیں معدے اور پیٹ سے متعلق تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طبی مسئلے کے بعد ان کے کھانے پینے کے معمولات میں تبدیلی آئی، جس کا براہِ راست اثر ان کے وزن پر پڑا۔
سہیل خان نے بتایا کہ رئیلٹی شو میں پہلی مرتبہ شرکت کرنا ان کے لیے ایک مختلف تجربہ تھا اور ابتدائی دنوں میں انہیں وہاں کچھ بے چینی اور گھٹن بھی محسوس ہوئی۔ تاہم شو میں موجود دیگر شرکا کے تعاون اور خیال رکھنے کی وجہ سے وہ اس ماحول کے عادی ہوگئے اور تقریباً پانچ ہفتوں تک پروگرام کا حصہ رہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شو کے دوران مختلف سرگرمیوں اور چیلنجز میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی خوراک پر بھی خاص توجہ دینا پڑی۔ کھانے میں تبدیلی اور مسلسل سرگرمی کے نتیجے میں ان کا وزن آہستہ آہستہ کم ہوتا گیا اور مجموعی طور پر تقریباً 12 کلو وزن کم ہوگیا۔
شو کے دوران سہیل خان نے اپنے بھائی سلمان خان کی موجودگی میں بھی اپنی اس جسمانی تبدیلی کا ذکر کیا تھا اور بتایا تھا کہ پروگرام کے دوران ان کے وزن میں 12 کلو کمی آئی۔
رئیلٹی شو کے اختتام پر جب سہیل خان کی نئی جسامت مداحوں کے سامنے آئی تو کئی صارفین نے ان کی صحت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا، جبکہ کچھ لوگوں نے خیال ظاہر کیا کہ شاید انہوں نے وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کی ہیں۔
تاہم سہیل خان نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے وزن میں کمی کسی دوا یا فیٹ برنر کا نتیجہ نہیں، بلکہ پیٹ کی بیماری، خوراک میں تبدیلی اور شو کے دوران بڑھنے والی جسمانی سرگرمی اس کی بنیادی وجوہات تھیں۔