Wed, September 16, 2026

خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کو نئے گھر بنانے کا اعلان

خیبر پختونخوا میں سیلاب متاثرین کو نئے گھر بنانے کا اعلان

بونیر : بونیر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کچھ علاقے سیلاب کے خطرے کے تحت ہیں اور ان پر مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں کا مکمل مقابلہ کرے گی اور متاثرہ خاندانوں کو نئے گھر بنا کر دیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے یقین دلایا کہ جن لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، حکومت ان کے نقصانات کی بھرپائی کرے گی اور عوام کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

تجاوزات کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ آج کا نہیں بلکہ سالوں سے موجود ہے، اور تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائیوں پر عدالتوں نے روک لگا رکھی ہے۔ انہوں نے ڈی آئی خان میں تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کی مثال دی اور عوام سے درخواست کی کہ وہ قبضہ مافیا سے دور رہیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ ندی نالوں کی صفائی وقت پر نہ ہونے کی وجہ سے سیلابی صورتحال بگڑی ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے حکومت ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔ متاثرہ آبادیوں کو پانی کے راستوں سے ہٹا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے وفاقی حکومت، دیگر صوبوں، این ڈی ایم اے اور فوج کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ خیبر پختونخوا خود وسائل رکھتی ہے اور اپنے وسائل سے متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کی پولیس، انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے متاثرین کی مدد میں پوری طرح سرگرم ہیں اور وہ اپنے لوگوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

ٹیگز: