Wed, September 16, 2026

شدید موسمی تبدیلیاں، این ای او سی کا پنجاب کے لیے وارننگ الرٹ

شدید موسمی تبدیلیاں، این ای او سی کا پنجاب کے لیے وارننگ الرٹ

اسلام آباد : نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) نے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے متعدد اضلاع میں خراب موسم کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق 18 اور 19 اپریل کو موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نارووال، ساہیوال، سرگودھا، شیخوپورہ اور لاہور شامل ہیں، جہاں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور ہواؤں کے باعث بعض مقامات پر بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ سڑکوں پر پھسلن اور درخت گرنے کے واقعات سے بھی شہریوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

ادارے نے کسان برادری کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کریں۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں، اور موسمی تبدیلیوں سے باخبر رہنے کے لیے این ڈی ایم اے کی موبائل ایپ “Disaster Alert” کو استعمال میں لائیں۔

ٹیگز: