لاہور:پنجاب میں گرمی سے پریشان عوام کے لیے جزوی راحت کی خبر، مگر ساتھ ہی احتیاط بھی ضروری۔ پی ڈی ایم اے (صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) نے 23 اور 24 مئی کے دوران مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کے پیش نظر موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ الرٹ کے مطابق، شمالی پنجاب کے اضلاع — چکوال، گوجرانوالہ، جہلم، مری، راولپنڈی، منڈی بہاؤالدین اور گلیات — میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ اور قصور — میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ یہ بارشیں گرمی کی شدت کو کم کریں گی، مگر شہریوں کو احتیاط برتنی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ آسمانی بجلی کے دوران کھلی جگہوں یا درختوں کے نیچے نہ جائیں اور بلاضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، اور دیگر متعلقہ اداروں کو ممکنہ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کر دیا ہے۔