اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے ملک کے لیے ایٹمی دھماکے کیے، اور انہوں نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے یوتھ عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی نے سیاست کی خاطر فوجی یادگاروں اور شہداء کی قربانیوں کی توہین کی۔
انہوں نے نوشہرہ کی نشست کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب پی ٹی آئی اقتدار میں تھی، ہم نے وہاں سے الیکشن جیتا، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ ترقی اور خدمت کا نشان نواز شریف ہے۔ عطاء تارڑ نے کیپٹن شیر خان شہید کے مجسمے کی بے حرمتی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود صوابی گئے اور شہید کے اہل خانہ سے معذرت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن بھی کیپٹن شیر خان کی بہادری کا اعتراف کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ ملک کے ڈیفالٹ کی دعائیں مانگتے تھے، لیکن شہباز شریف کی قیادت اور جنرل عاصم منیر کی مدد سے پاکستان کو بچایا گیا، اور آج معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خود اندرونی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اور جسے اپنے ملک سے وفاداری نہیں، وہ اپنی پارٹی سے کیا نبھائے گا۔