نئی دہلی :بھارتی فضائیہ (IAF) نے ایک بڑے ہنگامی فیصلے کے تحت اپنے مقامی طور پر تیار کردہ تیجس (Tejas) لڑاکا طیاروں کا مکمل فلیٹ گراؤنڈ کر دیا ہے۔ یہ قدم 7 فروری کو پیش آنے والے ایک خطرناک حادثے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس نے بھارت کے مقامی دفاعی پروگرام کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، مغربی سرحد کے قریب ایک فارورڈ ایئر بیس پر ٹیک آف کے دوران ایک سنگل سیٹ تیجس طیارہ بے قابو ہو کر رن وے سے پھسل گیا۔ حادثے کے وقت طیارے کی رفتار 170 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد تھی، جس کے نتیجے میں پائلٹ زخمی ہوا۔
اس واقعے کے بعد فضائیہ نے اپنے زیرِ استعمال تمام 35 تیجس طیاروں کو فوری طور پر آپریشنل ڈیوٹی سے ہٹا کر ان کی جامع تکنیکی جانچ (Technical Audit) کا حکم دے دیا ہے۔
تیجس طیارہ، جسے 2016 میں بھارتی فضائیہ کا حصہ بنایا گیا تھا، حالیہ عرصے میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا کر رہا ہے۔ ایک حالیہ آڈٹ رپورٹ میں طیارے کے سسٹم میں 53 سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ مارچ 2024: جیسلمیر میں تربیتی پرواز کے دوران تباہی۔
نومبر 2025: دبئی ایئر شو میں حادثہ، جس میں ونگ کمانڈر ہلاک ہوئے۔ فروری 2026: حالیہ حادثہ جس کے بعد پورے بیڑے کو گراؤنڈ کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم پورے بیڑے کو گراؤنڈ کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ طیارے میں کوئی ایسی بنیادی فنی خرابی موجود ہے جو پائلٹس کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔