اسلام آباد:ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے امریکی طرز اپنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس نئے نظام کا آغاز اسلام آباد سے کیا گیا ہے اور اس حوالے سے سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق اب گاڑی پر لگنے والی نمبر پلیٹ گاڑی کے ساتھ نہیں بلکہ اس کے مالک سے منسلک رہے گی۔ یعنی اگر گاڑی فروخت کی جائے تو پرانے مالک کا نمبر ہٹا کر نئے خریدار کو نیا نمبر دیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت پرانا مالک اپنا نمبر ایک سال تک بغیر استعمال محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اگر ایک سال کے اندر نمبر دوبارہ استعمال نہ کیا گیا تو وہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔ اسی طرح گاڑی بیچنے کی صورت میں، پرانے مالک کو اپنی نمبر پلیٹ واپس ایکسائز آفس میں جمع کرانی ہوگی۔