اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے طبی آلات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے لیے مکمل طور پر آن لائن ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس نظام کے تحت رجسٹریشن کا پورا عمل صرف 20 دن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزارت صحت میں ڈیجیٹائزیشن کے عمل کو سراہا جانا چاہیے، جس سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام کے قیام میں وزیر صحت اور ان کی ٹیم نے بہترین کام کیا ہے، اور یہ عوام کو بروقت سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈریپ (DRAP) کے نئے سی ای او کو مکمل میرٹ پر تعینات کیا گیا ہے، اور ادارے میں موجود قابل افسران کو بھی اب آگے لایا جائے گا۔ وزیراعظم نے دوست ملک کے ہسپتال منصوبے کی بندش کا نوٹس لینے پر وزیر صحت کی تعریف کی اور کہا کہ اب وہ منصوبہ دوبارہ فعال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مصطفیٰ کمال کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں، اور ملکی ترقی کے لیے تمام اداروں اور افراد کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔