کولمبو : وفاقی وزیرِ داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے سری لنکا کے وزیرِ کھیل و امورِ نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے کھیلوں خصوصاً کرکٹ کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات کی۔ دونوں ممالک نے مل کر کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اشتراک کرنے پر اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں مزید گرمجوشی دیکھنے کو مل رہی ہے، اور کھیلوں کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ انہوں نے سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے شاندار انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے وہاں کی محبت اور بہترین مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے سری لنکن وزیر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جسے گیمیج نے خوشی سے قبول کیا۔ اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔