ریاض: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے سعودی عرب کے وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں خصوصاً کرکٹ میں تعاون بڑھانے پر بات کی گئی۔ ملاقات کے دوران سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ اور نوجوانوں کو کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے کے طریقوں پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
محسن نقوی نے سعودی عرب کی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، جن میں ای ایف سی ایشین کپ 2027، ایشین ونٹر گیمز 2029، ایشین گیمز 2034 اور فیفا ورلڈ کپ 2034 شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے میں بے پناہ ترقی ہو رہی ہے۔
ملاقات میں اس پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے حوالے سے تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔ اس میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ تربیتی پروگرامز، باہمی دورے اور نوجوانوں کے لیے یوتھ ٹورنامنٹس شامل ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اس سے دونوں ممالک کے نوجوانوں کو نئے مواقع ملیں گے اور کھیلوں کے ذریعے دونوں قوموں کے درمیان دوستی اور ہم آہنگی بڑھے گی۔
یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کھیلوں کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔