مری :آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کی مشاورت جاری ہے، جبکہ نئے وزیراعظم کے انتخاب کا حتمی اختیار پارٹی قائد نواز شریف کو دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر اور چوہدری طارق فاروق وزارتِ عظمیٰ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، جبکہ وقار نور کا نام بھی زیر غور ہے۔ پارٹی قیادت مزید مشاورت کے بعد نئے قائد ایوان کے نام کا اعلان کرے گی۔
مری میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی وزرا اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت سازی، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے نام بھی پارٹی قیادت کے سامنے رکھے گئے ہیں، جبکہ قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا عمل آئندہ ہفتے مکمل ہونے کا امکان ہے۔