نئی دہلی :شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے ایران پر اسرائیل کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تنظیم نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ایران کی خودمختاری پر حملہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے، اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی تشویشناک ہے۔
اعلامیے میں واضح طور پر عسکری اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل پر زور دیا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ خطے میں مزید کشیدگی روکنے کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
البتہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملک بھارت نے تنظیم کے اجتماعی مؤقف سے خود کو الگ رکھتے ہوئے ایک الگ، نرم اور مبہم بیان جاری کیا۔ بھارت کے بیان میں نہ ایران کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی گئی، نہ ہی اسرائیلی کارروائی کی مذمت کی گئی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کا یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ اس کی خارجہ پالیسی اصولوں کی بجائے وقتی مفادات، ہتھیاروں کے سودوں اور سیاسی مصلحتوں پر مبنی ہے۔ یہ مؤقف شنگھائی تعاون تنظیم کے بنیادی اصولوں جیسے ریاستی خودمختاری، اقوام متحدہ کے قوانین کی پاسداری، اور علاقائی تعاون — سے متصادم ہے۔
ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ اگر بھارت مستقبل میں بھی اس طرح اجتماعی مؤقف سے ہٹ کر چلتا رہا تو تنظیم میں اس کی رکنیت پر بھی سوالات اٹھ سکتے ہیں۔