Wed, September 16, 2026

شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستان کے مؤقف کی حمایت، دہشتگردی کے خلاف دوہرا معیار مسترد

شنگھائی تعاون تنظیم کی پاکستان کے مؤقف کی حمایت، دہشتگردی کے خلاف دوہرا معیار مسترد

اسلام آباد : شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) نے اپنے حالیہ اعلامیے میں دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے واضح اور مستقل مؤقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے جعفر ایکسپریس، خضدار میں اسکول بس پر حملے اور پہلگام واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی کی ہر قسم ناقابل قبول ہے، اور کسی بھی ملک یا گروہ کو سیاسی مقاصد کے لیے دہشتگرد تنظیموں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دوہرا معیار عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے سرحد پار دہشتگردی کے حوالے سے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کیے ہیں، جن میں خضدار اور جعفر ایکسپریس پر حملوں میں بھارتی کردار شامل ہے۔ پاکستان نے 24 اپریل کو پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش بھی کی، جس کا بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم نے افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کے قیام، دہشتگردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کی روک تھام، اور تمام اقوام کے لیے خودمختارانہ سیاسی و معاشی فیصلوں کے حق کی حمایت کی ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا"ریاستی دہشتگردی ناقابل برداشت ہے، دنیا اب جھوٹے بیانیے قبول نہیں کرتی۔ پاکستان عالمی امن و استحکام کا داعی ہے۔"

ٹیگز: