شان ڈونگ: شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع اجلاس میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی موجودگی میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ انہوں نے اس مسئلے کو عالمی امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ قرار دیا۔
خواجہ آصف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے پُرامن حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھرپور جدوجہد کر رہا ہے اور اس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کا حامی ہے۔
وزیر دفاع نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے قانون کے تحت زیر حراست ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کو سیاست کا شکار بنانے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کسی ملک کو اپنی ناکامیوں کا پردہ ڈالنے کے لیے دہشت گردی کا سہارا نہیں لینا چاہیے۔
خواجہ آصف نے ایس سی او کو خطے میں امن و استحکام کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کے اصولوں پر غیر متزلزل عمل درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی ایران پر کارروائیوں کی سخت مذمت کی اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ آخر میں انہوں نے افغانستان میں پائیدار امن کو خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔