چنگ ڈاؤ: شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں پاکستان نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بھارت کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی اور بھارت نے اعلامیے پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔
بھارتی وفد نے اجلاس میں بار بار پاکستان کی مذمت کروانے کی کوشش کی، مگر باقی رکن ممالک نے اس کی حمایت نہیں کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں دہشت گردی کی مذمت کی گئی جس پر بھارت نے دستخط نہ کیے۔
یہ اجلاس چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں ہوا جہاں ایران، روس، پاکستان، بیلاروس اور دیگر ملکوں کے وزرائے دفاع شریک تھے۔ یہ اجلاس اس وقت ہوا جب مشرق وسطیٰ میں جنگ جاری ہے اور یورپ میں نیٹو ممالک نے دفاعی اخراجات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
چینی وزیر دفاع نے اجلاس میں کہا کہ آج کا عالمی ماحول بہت غیر مستحکم ہے اور یک طرفہ پالیسیاں، جارحیت اور دھونس بازی عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے شرکاء سے پرامن ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا کہا۔
بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک کو اپنے چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا چاہیے، لیکن بھارت کی کوششیں اجلاس میں کہیں کامیاب نہیں ہوئیں۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے اجلاس میں شرکت کی، دونوں وزرائے دفاع ایک ہی کمرے میں تھے مگر ملاقات نہیں ہوئی۔
روس کے وزیر دفاع نے چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت مضبوط اور تاریخی قرار دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے مشترکہ اعلامیے میں پہلگام واقعے کا ذکر نہیں ہوا، جو بھارت کے لیے ایک بڑی سفارتی شکست ہے۔ اس اجلاس میں بھارت کے غیر تعمیری رویے نے عالمی سطح پر امن اور تعاون کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔