اسلام آباد : پاکستان نے علاقائی اور عالمی سطح پر اپنی خارجہ پالیسی کو مزید جارحانہ اور فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت دفتر خارجہ میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اجلاس میں نائب وزیراعظم کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور حالیہ اہم سفارتی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سفارتی اہداف کے حصول اور درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید اور فعال سفارتکاری پر توجہ دی جائے تاکہ عالمی فورمز پر پاکستان کا موقف مؤثر طریقے سے پہنچ سکے۔وزیر خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ تمام تر سفارتی کوششوں کا واحد مقصد پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ ہونا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے دنیا بھر میں موجود پاکستانی سفارت خانوں اور مشنز کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے امیج کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاکہ موجودہ عالمی منظرنامے میں پاکستان کو ایک متحرک خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے جو معاشی اور سیاسی دونوں محاذوں پر ملک کے لیے سودمند ثابت ہو۔