تہران:ایران نے امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ حتمی معاہدے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملکی حقوق اور عوامی مفادات کا تحفظ ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے میڈیا رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ سفارتی سطح پر پیغامات کا تبادلہ ضرور جاری ہے، لیکن کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ان مذاکرات کے بارے میں کوئی رائے قائم کرنا یا فیصلہ سنانا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے مبینہ معاہدے کی تمام خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے انہیں نظر انداز کرنے کی ہدایت کی۔
اسی دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے بھی واضح موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ حقوق کے مکمل تحفظ کے بغیر امریکا کے ساتھ کوئی معاہدہ پائے تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے تاکید کی کہ ملکی قیادت ایرانی عوام کے مفادات پر کسی قسم کا کوئی سودا یا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔