Wed, September 16, 2026

آج دبئی میں پاک بھارت بڑا ٹاکرا، ایشیا کپ میں جوش عروج پر

آج دبئی میں پاک بھارت بڑا ٹاکرا، ایشیا کپ میں جوش عروج پر

دبئی: کرکٹ کے دو بڑے حریف، پاکستان اور بھارت، آج ایشیا کپ ٹی 20 کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں دبئی کے میدان میں آمنے سامنے ہوں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا، جس کا کرکٹ شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

یہ رواں سال دونوں ٹیموں کا پہلا آمنے سامنے مقابلہ ہوگا، جب کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران یہ دونوں ٹیموں کی دوسری ٹکر ہوگی۔ اس سے قبل دونوں نے چیمپئنز ٹرافی میں ایک دوسرے کا سامنا کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم کی جانب سے فخر زمان، صائم ایوب، سلمان آغا اور حارث رؤف سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں، جبکہ بھارت کی طرف سے شبمن گل، سوریا کمار یادیو اور جسپریت بمراہ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی شاندار رہی ہے۔ بھارت نے اپنے پچھلے میچ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر تین ملکی سیریز اپنے نام کی، جس سے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ایشیا کپ کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 19 ٹی 20 میچز ہو چکے ہیں، جن میں بھارت نے 10 جبکہ پاکستان نے 6 میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں آخری جیت 2022 میں حاصل کی تھی۔

ٹورنامنٹ کی مجموعی فتوحات کے لحاظ سے بھارت 8 بار ایشیا کپ کا چیمپئن رہ چکا ہے، جبکہ پاکستان نے یہ اعزاز دو مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔

گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوجوان بلے باز صائم ایوب نے کہا:"ہم ہر میچ کے لیے ایک جیسی تیاری کرتے ہیں، لیکن ظاہر ہے پاک بھارت مقابلے کی اہمیت اور جذبات الگ ہوتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر کھلاڑی ٹیم کے لیے پرفارم کرے اور ایک دوسرے کو سہارا دے۔ وکٹ خشک ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کرنا بہتر ثابت ہو سکتا ہے۔"
پاکستانی عوام اس بڑے مقابلے کے لیے بے حد پرجوش ہیں۔ شائقین کو امید ہے کہ قومی ٹیم آج بھارت کو شکست دے کر ایک اور تاریخی فتح اپنے نام کرے گی۔

ٹیگز: