لندن/واشنگٹن: برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران سے متعلق مجوزہ معاہدے اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق سر کیئر اسٹارمر نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی معاہدے کو پائیدار اور دیرپا امن کی ضمانت دینی چاہیے۔ انہوں نے ایران سے متعلق مجوزہ معاہدے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ معاہدے کے نفاذ میں اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے عالمی تجارت اور معیشت پر منفی اثرات کم کرنے کے لیے بحری راستوں کی آزادی برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔