کولمبو: روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ کی سب سے بڑی جنگ کل کولمبو کے میدان میں لڑی جائے گی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین اس "ہائی وولٹیج" ٹاکرے کے لیے میدان سج چکا ہے، جہاں کل شام ساڑھے چھ بجے دنیا کی نظریں جم جائیں گی۔محسن نقوی کولمبو پہنچ گئے، جہاں ان کی جے شا کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھنے کی توقع ہے۔ میچ سے قبل وہ قومی کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کا جذبہ بڑھائیں گے۔ میچ کے جنون نے کولمبو کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں، ہوٹلوں میں کمرے نایاب اور کرائے ریکارڈ سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
بھارت کا ٹریننگ سیشن بارش کی نذر ہونے کے بعد کل بھی بارش کا خدشہ موجود ہے، جس کے لیے دونوں ٹیموں نے حکمتِ عملی تبدیل کی ہے۔قومی کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس میں عثمان طارق کو اپنا چھپا رستم (ٹرمپ کارڈ) قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی پوری ٹیم کے لیے پلان تیار کر چکے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے عثمان طارق کے منفرد ایکشن کا اعتراف کیا لیکن 'ہینڈ شیک' کے سوال پر یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ "کل دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
سٹار بلے باز بابر اعظم، جو حال ہی میں بہترین فارم میں ہیں، نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس بڑے میچ میں کامیابی کے لیے خود کو پرسکون رکھنا ہی سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ شائقین کو امید ہے کہ بابر کل کے میچ میں کوئی بڑی اننگز کھیلیں گے۔میگا ایونٹ کے اس میگا مقابلے کے لیے پاکستانی قوم دعاؤں کے ساتھ تیار ہے، جبکہ بھارتی شائقین اپنے پرانے ریکارڈ کے سہارے فتح کے خواب دیکھ رہے ہیں۔