کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ گزشتہ روز لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جب آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور کرس براؤن نے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیتے ہوئے رپورٹ کیا۔ پی ایس ایل کے قوانین کے مطابق، عثمان طارق فی الحال بولنگ جاری رکھ سکتے ہیں، تاہم اگر ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ کیا گیا تو انہیں بولنگ سے روک دیا جائے گا۔
اگر ایکشن معطل کیا جاتا ہے تو عثمان طارق کو دوبارہ بولنگ کی اجازت حاصل کرنے کے لیے آئی سی سی کی منظور شدہ لیبارٹری سے کلیئرنس حاصل کرنی ہوگی۔ پی ایس ایل حکام نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عثمان طارق کے ایکشن کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کیا جا سکے۔