کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے کے دوران پیش آنے والے واقعات پر حکومتِ سندھ کا موقف واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں کی جانب سے ریڈ زون کی حدود پار کرنے کی کوشش کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
شرجیل میمن کے مطابق، سندھ پولیس اور مقامی انتظامیہ جماعت اسلامی کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھی اور انہیں پہلے ہی مطلع کر دیا گیا تھا کہ احتجاج کے دوران ریڈ زون میں داخلے پر مکمل پابندی ہے۔ سینئر وزیر نے انکشاف کیا کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں نے پُرامن رہنے کی یقین دہانی کے باوجود سندھ اسمبلی میں گھسنے کی کوشش کی، جو کہ قانوناً جرم ہے۔ شرجیل میمن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت یا فرد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج کا حق صرف طے شدہ حدود کے اندر ہی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سرکاری املاک کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔