اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 78 واں جشن آزادی منانے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر میدان میں بے مثال عزم اور حوصلہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "معرکہ حق" نے پاکستانیوں کے دلوں میں ایک نیا جوش اور امید پیدا کی ہے، جس نے آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک عسکری فتح نہیں، بلکہ یہ دو قومی نظریہ کی صداقت اور مضبوطی کا بھی مظہر ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف طبقات کو قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ جیسے رہنماؤں اور تحریک آزادی کے کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اس قوم کو ایک مشترکہ مقصد پر متحد کیا اور پاکستان کے قیام کے ناممکن نظر آنے والے خواب کو حقیقت بنا دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 78 سال کا سفر آزمائشوں سے بھرا ہوا تھا، لیکن اللہ کی مدد اور قوم کے عزم کے ساتھ پاکستان نے ہر مشکل کا سامنا کیا اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک نے معیشت، کھیل، دفاع اور آئی ٹی کے میدانوں میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، اور یہ سب پاکستانی قوم کی محنت، عزم اور علم کا نتیجہ ہے۔