اسلام آباد : آج پاکستان بھر میں آزادی کا 78 واں جشن بڑے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ صوبوں کے دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں سے ملک کی آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر فضا میں نعرہ تکبیر "اللہ اکبر" کی آوازیں گونج اُٹھیں اور مساجد میں فجر کے بعد ملکی خوشحالی، ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
پاکستان کے ہر کونے میں سبز ہلالی پرچم کی بہار ہے۔ شہر کی ہر گلی اور عمارت برقی قمقموں سے سجی ہوئی ہے، جس سے ایک خوبصورت منظر پیش آ رہا ہے۔ آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی ملک کے مختلف شہروں میں رات 12 بجتے ہی ہوا، جس نے آسمان کو رنگوں سے بھر دیا۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پُر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور پاک بحریہ کے سیلرز نے اپنے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر کموڈور تصور اقبال نے مزار قائدؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
یہ دن نہ صرف پاکستان میں، بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی خوشی کا موقع ہے۔ مختلف سفارت خانوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں پاکستانی اپنے وطن کی آزادی کو بھرپور طریقے سے مناتے ہیں۔
نئی بات میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے پوری قوم کو آزادی کے اس دن کی ڈھیروں خوشیاں اور مبارکباد۔