Thu, September 17, 2026

دہشتگردی عالمی مسئلہ، مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے: محسن نقوی

دہشتگردی عالمی مسئلہ، مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے: محسن نقوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردی صرف ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ اس کے خلاف مل کر ایک جامع بین الاقوامی حکمت عملی بنائی جائے اور اس پر فوری عمل کیا جائے۔

یہ بات انہوں نے برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ محمد افضل خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک-برطانیہ تعلقات، برطانوی پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، اور دہشتگردی کے خلاف تعاون پر بات چیت کی۔

محسن نقوی نے افضل خان کو برطانیہ میں انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور پاک-برطانیہ تعلقات کو بہتر بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے لیبر پارٹی کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ انسداد دہشتگردی کے شعبے میں تعاون کو خوش آمدید کہتا ہے، خاص طور پر تربیت اور اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے حوالے سے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور برطانوی معیشت میں بھی ان کا اہم حصہ ہے۔ افضل خان نے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ٹیگز: