Wed, September 16, 2026

وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات: ملک کو درپیش چیلنجز پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

وزیراعظم اور صدر مملکت کی ملاقات: ملک کو درپیش چیلنجز پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت نے سیاسی و معاشی استحکام کے لیے سر جوڑ لیے۔ ملاقات میں وفاقی وزراء اور دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما بھی شریک تھے۔
 ذرائع کے مطابق ملاقات کا بنیادی ایجنڈا ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان 'ورکنگ ریلیشن شپ' کو مزید فعال بنانے اور ہر اہم فیصلے پر مشاورتی عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ملاقات میں جہاں داخلی سلامتی کے امور پر بات ہوئی، وہی آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دونوں جماعتوں نے اس آئینی عمل کو باہمی تعاون سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
عالمی سطح پر پاکستان کا موقف ملاقات میں بین الاقوامی صورتحال، بالخصوص غزہ میں امن کی کوششوں اور وہاں جاری انسانی بحران پر پاکستان کے دوٹوک موقف کا اعادہ کیا گیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی فورمز پر مظلوم فلسطینیوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔

ٹیگز: