ڈھاکا : میرپور کے میدان میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو دوسرے ون ڈے میں 128 رنز کے بھاری مارجن سے پچھاڑ کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ پہلے میچ میں بدترین شکست کا بدلہ شاہین الیون نے دوسرے ہی میچ میں چکا دیا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 274 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ اننگز کی خاص بات نوجوان معاذ صداقت کی طوفانی بیٹنگ تھی، جنہوں نے محض 46 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز داغ کر بنگلادیشی باؤلرز کے چھکے چھڑا دیے۔ سلمان علی آغا نے بھی 64 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔
میچ کے دوران بارش کی مداخلت کے باعث بنگلادیش کو 32 اوورز میں 243 رنز کا مشکل ہدف دیا گیا۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم محض 24 اوورز میں 114 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔پہلے میچ میں 8 وکٹوں کی شکست کے بعد کپتان شاہین شاہ آفریدی پر شدید تنقید ہو رہی تھی، تاہم دوسرے میچ میں ٹیم کے کم بیک نے ناقدین کے منہ بند کر دیے۔ پاکستان کی فائنل الیون میں شامل تمام کھلاڑیوں نے متحد ہو کر پرفارم کیا اور سیریز کو فیصلہ کن مرحلے تک پہنچا دیا۔
پاکستان کا اسکور: 274 رنز (آل آؤٹ، بنگلادیش کا اسکور: 114 رنز (آل آؤٹ)، مین آف دی موومنٹ: معاذ صداقت (75 رنز)،
سیریز کی صورتحال: 1-1 (برابر)۔