لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ہائی وولٹیج معرکے میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر قذافی اسٹیڈیم میں موجود ہوم کراؤڈ کو خاموش کر دیا۔ میچ اس وقت ایک انوکھے موڑ پر مڑ گیا جب امپائرز نے گیند کی حالت تبدیل کرنے پر لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی لگا دی، جو کہ میچ کے نتیجے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ لاہور قلندرز کے لیے ڈراونا خواب ثابت ہوا۔ کراچی کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے قلندرز کے بلے باز بے بس نظر آئے اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنا سکے۔ عبداللہ شفیق 33 اور حسیب اللہ 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کراچی کی جانب سے میر حمزہ، ایڈم زمپا اور معین علی نے 2،2 شکار کیے۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد وسیم نے 38 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم، لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کر کے میچ میں نئی جان ڈال دی اور کراچی کی بیٹنگ لائن کو شدید دباؤ میں رکھا۔ معین علی اور سعد بیگ نے 18،18 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے دوران فیلڈ امپائرز نے گیند کی حالت (Ball Condition) سے مطمئن نہ ہونے پر لاہور قلندرز پر 5 پنالٹی رنز کی سزا سنائی۔ یہ رنز کراچی کنگز کے مجموعی سکور میں شامل کیے گئے، جس سے ہدف کا تعاقب آسان ہو گیا اور کنگز نے آخری اوور میں 4 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔