ممبئی: جنوبی افریقہ نے بھارت کو گوہاٹی ٹیسٹ میں 408 رنز سے شکست دے کر نہ صرف میچ جیتا بلکہ سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی۔ اس شاندار فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے بھارت میں دونوں میچ جیتے، اور بھارت کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک اور وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 489 رنز کا بڑا ٹوٹل بنایا اور پھر دوسری اننگز میں 260 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ بھارت کے پاس جواب دینے کے لیے کچھ نہیں تھا اور وہ پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ ہو گیا۔ دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم 140 رنز پر ڈھیر ہو گئی، اور پوری ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔
بھارت کی جانب سے صرف رویندرا جدیجہ نے 54 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن باقی کھلاڑیوں کا کھیل صفر رہا۔ جنوبی افریقی اسپنر سائمن ہارمر نے میچ میں 9 وکٹیں حاصل کر کے بھارت کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔
یہ بھارت کے لیے ایک سنگین شکست ہے، کیونکہ یہ دوسرا موقع ہے جب انہیں اپنے ہوم گراؤنڈ پر ایک سال کے اندر وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 0-3 سے وائٹ واش کیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے پاکستان میں سیریز 1-1 سے برابر کی تھی، لیکن بھارت میں ان کی شاندار کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ وہ عالمی سطح پر ایک طاقتور ٹیم ہیں۔