راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں چار اہم کمانڈر بھی شامل ہیں، جن کی شناخت خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف عیان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ بیان کے مطابق یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میران شاہ اور گردونواح میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں انتہائی مہارت اور درستگی کے ساتھ کی گئی کارروائیوں میں اب تک مجموعی طور پر 48 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت آپریشنز جاری ہیں، جبکہ علاقے میں موجود باقی دہشت گرد عناصر کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن بھی پوری شدت سے جاری رکھا جائے گا۔
ادھر صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے اہم سرغنوں کا خاتمہ ملک دشمن عناصر کے نیٹ ورک کے خلاف ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
قومی قیادت نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔