Wed, September 16, 2026

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی؛ دتہ خیل میں خوارج کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کاآپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی؛ دتہ خیل میں خوارج کے ٹھکانوں پر سکیورٹی فورسز کاآپریشن، 11 دہشت گرد ہلاک، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

راولپنڈی : خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات پر مبنی ایک مربوط آپریشن کے دوران 11 خوارج کو عبرت ناک انجام تک پہنچا دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دتہ خیل کے مختلف حصوں میں خوارج کی موجودگی کی پختہ اطلاعات پر آپریشنز کیے۔ ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 11 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید خودکار اسلحہ، ہینڈ گرینیڈ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ یہ خوارج علاقے میں سکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر متعدد دہشت گردانہ حملوں، بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں براہِ راست ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں، اور دتہ خیل کے اطراف میں کسی بھی ممکنہ دہشت گرد یا سہولت کار کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

ٹیگز: