شمالی وزیرستان ؒ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشتگرد افغان سرزمین سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ عناصر پاکستان میں بڑی تباہی کی نیت رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، اور ہر قسم کی دراندازی یا شرپسندی کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ترجمان نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف عناصر اور غیر ملکی پراکسیز کے استعمال سے روکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دیں گی۔