واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مرحوم سینیٹر لنزے گراہم کو یاد کرتے ہوئے امریکی سینیٹ پر زور دیا ہے کہ وہ کرپٹو کرنسی سے متعلق کلیرٹی ایکٹ (Clarity Act) کو منظور کرے۔
ٹرمپ نے چین کی معاشی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی پیش رفت کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکی قانون سازوں سے فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر جاری پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ سینیٹ کو یہ قانون سازی مکمل کرنی چاہیے تاکہ امریکا ڈیجیٹل معیشت کے اہم شعبے میں اپنی برتری برقرار رکھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ کلیرٹی ایکٹ کی منظوری آنجہانی سینیٹر لنزے گراہم کے لیے ایک خراجِ تحسین بھی ہوگی، کیونکہ وہ اس قانون کے نمایاں حامیوں میں شامل تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین اور دیگر ممالک کرپٹو کرنسی سمیت جدید مالیاتی نظام اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبوں میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کے شعبے میں امریکا اس وقت سبقت رکھتا ہے، تاہم حریف ممالک اس میدان میں تیزی سے آگے بڑھنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی صدر نے خبردار کیا کہ امریکا کو چین کو کسی بھی اہم شعبے میں برتری حاصل کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔