Wed, September 16, 2026

سورج گرہن میں ایجبسٹن میں دی ہنڈریڈ کا دلچسپ مقابلہ

سورج گرہن میں ایجبسٹن میں دی ہنڈریڈ کا دلچسپ مقابلہ

مانچسٹر : برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم میں بدھ کے روز دی ہنڈریڈ 2026 کے میچ کے دوران کرکٹ شائقین کو کھیل کے ساتھ ایک منفرد قدرتی منظر بھی دیکھنے کو ملا۔ برمنگھم فینکس اور ایم آئی لندن کے درمیان مقابلے کے دوران جزوی سورج گرہن کے باعث دن کی روشنی نمایاں طور پر مدھم ہوگئی۔

میچ شام 6 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوا، جبکہ سورج گرہن کا آغاز 6 بج کر 15 منٹ پر ہوچکا تھا۔ گرہن شام 7 بج کر 11 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچا، جب سورج کا 91.76 فیصد حصہ چاند کے باعث ڈھک گیا۔ یہ فلکیاتی عمل رات 8 بج کر 5 منٹ پر اختتام پذیر ہوا۔

روشنی میں کمی کے باعث ایجبسٹن کی فلڈ لائٹس روشن کردی گئیں، تاہم اس کے باوجود میچ معمول کے مطابق جاری رہا اور کھیل کو روکنے کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

گرہن کے دوران شائقین کی حفاظت کے لیے سٹیڈیم انتظامیہ نے خصوصی احتیاط بھی کی۔سکرین پر بار بار تنبیہی پیغامات دکھائے گئے جبکہ اناؤنسر نے تماشائیوں کو براہِ راست سورج کی طرف دیکھنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔

مقابلے میں ایم آئی لندن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز بنائے۔ جواب میں برمنگھم فینکس کی ٹیم 155 رنز تک محدود رہی اور یوں ایم آئی لندن نے سنسنی خیز مقابلہ صرف دو رنز سے اپنے نام کرلیا۔

ٹیگز: